رائے پور، 17؍اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ بستر کے علاقے میں پولیس نے تصادم میں چار نکسلیوں کو مار گرایا ہے۔اس واقعہ میں ایک پولیس جوان بھی زخمی ہوا ہے۔ریاست میں نکسل امور کے خصوصی پولیس ڈائریکٹر جنرل ڈی ایم اوستھی نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ بستر علاقے کے دنتے واڑہ اور سکما ضلع کی سرحد پر پنگار پہاڑی جنگل میں پولیس نے تصادم میں چار نکسلیوں کو مار گرایا ہے۔اس واقعہ میں ایک پولیس جوان بھی زخمی ہوا ہے۔اوستھی نے بتایا کہ پولس کو دنتے واڑہ اور سکما ضلع کے سرحدی علاقے میں نکسلی سرگرمیوں کی اطلاع ملی تھی۔اطلاع کے بعد ضلع پولیس فورس، ایس ٹی ایف اور ڈی آرجی کی مشترکہ گشتی ٹیم کو روانہ کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جب گشتی ٹیم پنگار پہاڑی کے جنگل میں تھی تبھی نکسلیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔اس واقعہ میں ایک پولیس جوان کو گولی لگی اور وہ زخمی ہو گیا، بعد میں پولیس ٹیم نے بھی جوابی کارروائی کی۔پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے ابھی تک اس واقعہ میں چار نکسلیوں کو مار گرایا ہے۔ٹیم مسلسل نکسلیوں کا تعاقب کر رہی ہے۔ابھی تک موصول ہوئی اطلاعات کے مطابق جنگل میں تصادم جاری ہے۔پولیس نے جائے حادثہ سے کئی ہتھیار بھی برآمد کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نکسلیوں کی لاشوں اور زخمی جوان کو جنگل سے باہر نکالا جا رہا ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ اس واقعہ میں کچھ نکسلی کمانڈروں کے بھی مارے جانے کی اطلاع ہے۔پولیس ٹیم کے واپس لوٹنے کے بعد واقعہ کے سلسلے میں تفصیلی معلومات مل سکے گی۔